اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ اہم میچز باہر ہوں گے اور نیپال، بھوٹان کے میچز پاکستان میں ہوں گے۔پاکستان کو مکمل ایشیا کپ کی میزبانی کرنی چاہیئے۔
سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم ولادت پر وزارت بین الصوبائی رابطہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذکاء اشرف نے کہا کہ میں نے ہائبرڈ ماڈل کو پہلے ہی مسترد کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی دی، پاکستان کو مکمل ایشیا کپ کی میزبانی کرنی چاہیے، اہم میچز باہر ہوں گے اور نیپال، بھوٹان کے میچز پاکستان میں ہوں گے۔
ذکاء اشرف نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل ایک زیادتی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ تھا، بد قسمتی سے منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا، کرکٹ ملک کو متحد کرتی ہے، کوئی غیر آئینی کام نہیں ہو گا۔
ذکاء اشرف نے کہا کہ وزیراعظم اور آصف زرداری کی جانب سے اعتماد کرنے پر مشکور ہوں ، ایشیا کپ اور ورلڈ کپ آ رہا ہے تیاری کرنی ہے۔