اسلام آباد:سپریم کورٹ میں انٹراپارٹی الیکشن نظر ثانی کیس میں پی ٹی آئی نے لارجر بنچ تشکیل دینے کی درخواست دائر کر دی۔چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 21اکتوبر کو سماعت کرے گا۔
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی نظر ثانی کیس کے معاملے پر سریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی ہے۔درخواست میں مخصوص نشستوں سے متعلق آٹھ ججز کے اکثریتی فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کیس میں آئینی تشریح کا نکتہ موجود ہے،پانچ یا آٹھ ججز پر مشتمل بنچ تشکیل دیا جائے،الیکشن کمیشن کے کنڈکٹ پر فیصلے آبزرویشنز موجود ہیں، لارجر بنچ بنا کر نظرثانی درخواست منظور کی جائے۔
سپریم کورٹ سے استدعاکی گئی ہے کہ لارجر بنچ کی تشکیل کیلئے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کمیٹی کے تحت لارجر بنچ بنایا جائے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بنچ 21اکتوبر کو سماعت کرے گا۔
گذشتہ سماعت پر بھی پی ٹی آئی وکیل ایڈووکیٹ حامد خان نے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔