کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں رشتے کے نانا نے کلہاڑی کے وار سے غیرت کے نام پر اپنی نواسی کو قتل کردیا۔
باغ کورنگی میں واقع مارفانی گوٹھ سے 15 سالہ لڑکی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت شہزادی بنت اللہ بچایو کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لینے کے بعد ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کیا جبکہ شواہد اکھٹے کر کے تفتیش شروع کی تو کیس کی گتھیاں سلنجے لگیں۔
عوامی کالونی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا جو رشتے میں لڑکی کا نانا لگتا ہے۔
ملزم نے پوچھ گچھ میں بتایا کہ شہزادی نے ایک سال قبل جامشورو میں پسند کی شادی کی تھی، اُسے چند روز قبل گھر واپس لاکر کلہاڑی کے وار سے قتل کیا۔
ایس ایس پی کورنگی توحید الرحمان نے بتایا کہ واردات میں استعمال ہونے والی کلہاڑی بھی برآمد کرلی ہے جبکہ گرفتار ملزم شریف نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کو قانونی کارروائی کے لیئے عوامی کالونی تھانے منتقل کیا جارہا ہے۔