اسلا م آباد:اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ملک کیلئے بہت بڑا سرمایہ تھی وہ کسان، مزدور اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی علمبردار تھی۔
وومن پارلیمنٹری کاکس کے زیراہتمام شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 70 ویں یوم ولادت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور انہوں نے آخری سانس تک آمریت کے خلاف جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو کسی بھی اسلامی ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل تھا اور مجھے خوشی ہے کہ آج بھی پارلیمان میں ہماری خواتین ممبران اسمبلی سب سے زیادہ متحرک کردار ادا کر رہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔
وومن پارلیمانی کاکس کی سیکرٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو ایک ولولہ انگیز شخصیت کی ملک تھی اور جمہوریت کی بحالی کیلئے قید و بند کی صحبتیں برداشت کی۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستانی خواتین کے لئے رول ماڈل ہے انہوں نے ملک کو پہلا لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام دیا۔
اس موقع پر ممبران قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 70 ویں یوم ولادت کا کیک کاٹا گیا اور انکی روح کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔