اسلام آباد:جلال پور پیر والا کے قریب موٹروے ایم 5 کو سیلابی پانی کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں پر ڈائیورشن پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ اس وقت موٹروے پولیس کے افسران موقع پر موجود ہیں تاکہ مسافروں کو بروقت رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق ملتان سے سکھر جانے والی ٹریفک کو شاہ شمس انٹرچینج سے قومی شاہراہ کی جانب موڑ دیا گیا ہے، جہاں سے اوچ شریف انٹرچینج پر دوبارہ موٹروے ایم 5 جوائن کی جا سکتی ہے۔ اسی طرح سکھر سے ملتان آنے والی ٹریفک کو بھی اوچ شریف انٹرچینج سے قومی شاہراہ کے ذریعے رواں دواں رکھا گیا ہے۔ مزید یہ کہ شاہ شمس انٹرچینج سے موٹروے ایم 4 کو بھی جوائن کیا جا سکتا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق تمام تر اقدامات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں کہ ٹریفک بحفاظت اور منظم انداز میں چلتی رہے اور مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔