اسلام آباد:قومی اسمبلی نے غزہ میں بےگناہ اور نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت پر مبنی متفقہ قراداد منظور کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔رکن اسمبلی شازیہ مری کی پیش کردہ قراداد میں کہا گیا کہ اسرائیل غزہ میں خوراک اور پانی جیسی بنیادی انسانی ضروریات کو بھی بطور جنگی ہتھیار استعمال کرکے جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے ۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ وفاقی حکومت کسی بھی سرکاری ادارے سے ملازمین کو نکالنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔۔ وقفہ سوالات میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین کے ساتھ افہام و تفہیم کے ساتھ گولڈن شیک ہینڈ سکیم تیار کی گئی ہے ۔
وزیر مملکت ڈاکٹر شذرہ منصب خان نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے جامع قومی ایکشن پلان مرتب کیا جا چکا ہے جس میں سیلابی پانی کو ذخیرہ کر کے قابل استعمال بنایا جائے گا ۔اسلام آباد کے شہری اور نواحی علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک گرنے سے متعلق انجم عقیل خان کے توجہ دلاو نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت طلال چوہدری اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ جڑواں شہروں کو پانی کی فراہمی کیلئے پانی کی سپلائی سے متعلق وزیر داخلہ کی صدارت میں اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رکن اغا رفیع اللہ کے نکتہ اعتراض پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے بتایا کہ کراچی سٹیل ملز اور نواحی علاقوں کو پانی کی فراہمی کے لئے کراچی واٹر بورڈ کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چائیے ۔قومی اسمبلی نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بل اور فوجداری قوانین ترمیمی بل 2025 کی منظوری دی۔بل وزیر مملکت طلال چوہدری نے پیش کیے۔
وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قومی اسمبلی نو مئی کے معاملہ اٹھانے کے لیے مناسب فورم نہیں۔ اپوزیشن اس حوالے سے عدالتوں سے رجوع کرے۔ یہاں معاملہ اٹھانے کا مقصد سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہو سکتا ہے لیکن اس کا حل یہاں نہیں نکلے گا۔رکن اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے عوامی مقامات پر بغیر اجازت خواتین کی ویڈیو بنانے اور انہیں ہراساں کرنے کے خلاف قرارداد پیش کی جس کی ایوان نے متفقہ منظوری دی۔
قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی ہو گئی۔