اسلام آباد: حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے جس پر ٹی ایل پی نے فیض آباد میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے عطا تارڑ اور تحریک لبیک کیساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کی ہرممکن مدد کریں گے، 31 جولائی سے پہلے ایک ہزار ٹن امداد بھیجی جائے گی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نیتن یاہو جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے، نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی مظالم کی ہر فورم پر مذمت کریں گے، زخمی فلسطینی بھائیوں کی مدد کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ اقوام عالم اسرائیلی مظالم کو روکے، ٹی ایل پی وفد کا شکرگزار ہوں۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی ظلم کا شکار ہیں، امریکا کو ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے معاملے میں انسانی حقوق یاد نہیں آتے، ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کو یقینی بنایا جائے گا۔