Home #ٹرینڈ مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں،کور کمانڈرز کانفرنس

مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں،کور کمانڈرز کانفرنس

Share
Share

راولپنڈی :کور کمانڈرز کانفرنس میں فورم نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کر دیا ۔فورم نے کہا کہ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے وہ عناصر سیاسی ہوں یا کوئی بھی۔فورم نے واضح کیا کہ مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل ،چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔

کانفرنس میں فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔

فورم نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں اور غیر ملکی ایماء پر دہشتگردی کے فروغ کے خلاف مادر وطن کا دفاع کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے حالیہ مہینوں میں ملک بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں افواج ِ پاکستان کی پُرعزم کاوشوں کوسراہا۔

کانفرنس میں گفتگوکرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے باعث ہمارا ملک بتدریج مگر یقینی طور پر استحکام، وسیع تر مواقع اور عزت ووقار کی طرف بڑھ رہا ہے۔

فورم نے اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیتے ہوئے ملک کو درپیش خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔شرکاء کانفرنس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں تمام دہشتگردوں ، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے ساتھ فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔

فورم نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کر دیا ۔فورم نے کہا کہ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے وہ عناصر سیاسی ہوں یا کوئی بھی۔فورم نے واضح کیا کہ مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں۔

فورم نے بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا، جو مقامی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے اور سماجی روابط کے ذریعے گورننس سے جڑے دہشت گردی کے عوامل کا خاتمہ کرتے ہیں ۔ شرکاء کانفرنس نے پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قومی ایکشن پلان کے مطابق دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز کے عوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔

فورم نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی ثابت قدمی کا اعادہ کیا ۔شرکاء کانفرنس نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف کی بھی توثیق کی
شرکاء کانفرنس نے کہا کہ غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، بلا روک ٹوک انسانی رسائی اور فلسطینی ریاست کے لیے ایک قابل اعتماد راستے کا مطالبہ کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، نئی جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فوج کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مستقل تحفظ کرتے ہوئے “کنونشنل اور سب کنونشنل “سے لے کر ہائبرڈ اور غیر متناسب چیلنجز تک کے خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

Share
Related Articles

ملک میں سونے کی قیمتوں میں آج بڑا اضافہ

کراچی :پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں آج...

امریکا کا اسرائیل کو 151 ملین ڈالرز کے بم فروخت کرنے کی منظوری کا فیصلہ

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اسرائیل کو 151 ملین ڈالرز...

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات، ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں پر گفتگو

راولپنڈی :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد...

پڑوسی ممالک کے خلاف کوئی حملہ یا میزائل حملے نہیں کیے جائیں گے،ایرانی صدر

تہران : ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ پڑوسی...