گلگت:خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی کاوشیں جاری ہیں۔
خیبر پختونخوا میں صوابی کی تحصیل ٹوپی کے علاقہ ڈلورائی میں ہونے والی طوفانی بارش اور لینڈ سلائیڈ کے بعد پاک فوج کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ۔فوری رسپانس کے تحت پاک فوج کے دستوں نے سول انتظامیہ کی مدد کی۔تحصیل ٹوپی کے متاثرہ علاقوں ڈلورائی ، سرکوئی اور بادہ میں پاک فوج کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر کاروائیاں کی گئیں۔
شانگلہ اور بونیر میں پاکستان آرمی کے انجینئرز کور نے اپنی امدادی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے
پیر بابا بائی پاس کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔پیر بابا بازار میں عوام کی سہولت کیلئے ملبہ ہٹانے کا عمل بھی جاری ہے۔گوکند گاؤں جانے والی سڑک کو تین مقامات سے لینڈ سلائیڈنگ ہٹا کرکھول دیا گیا ہے۔
آرمی انجینئرز کی بھاری مشینری نے لینڈ سلائیڈز کو ختم کرکے سڑک آلوچ پران کو بھی کھول دیا ہے۔اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری کے ساتھ مل کر بیشونی اور قادر نگر میں مسلسل سرچ آپریشن کر رہی ہے۔اب تک بیشونی کے قریب نالے سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
سوات، بونیر، شانگلہ سمیت خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام سروسز کی بحالی کا عمل بھی انتہائی تیزی سے جاری ہے۔ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 200 سے زائد ٹاورزمتاثر ہوئے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر فوری کارروائی کرتے ہوئے 48 گھنٹوں کے اندر 85 فیصد متاثرہ ٹاورز کو بحال کر دیا ہے۔پی ٹی اے کی اس بروقت اور مؤثر کارروائی سے مواصلاتی نظام کی فوری بحالی ممکن ہوئی ہے۔ متاثرہ علاقوں کے عوام نے پی ٹی اے کے اس قدام کی تعریف کی ہے۔
گلگت بلتستان میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں کے بعد سیلاب کے باعث استک نالہ پر بہہ جانے والی سکردو جگلوٹ سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔اس اہم کامیابی سے نہ صرف سکردو کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ بحال ہوا ہے بلکہ مسافروں کی آمدو رفت اور ضروری اشیاء کی ترسیل بھی دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔
بظاہر یہ کام کئی روز میں مکمل ہونا تھا، لیکن پاک فوج، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے کے اہلکاروں نے اعلی عسکری اور سول قیادت کی نگرانی میں دن رات کام کیا اور صرف 24 گھنٹوں میں راستہ کھول دیا۔
اب مسافر اور مال بردار گاڑیاں بحفاظت اور آسانی کے ساتھ یہاں سے گزر سکتی ہیں۔عوام نے اس کامیابی کو دل سے سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاک فوج کی یہ محنت اور خدمت عوام کے لیے حوصلہ، سہارا اور امید کی علامت ہے۔پاک فوج کا ریسکیو آپریشن متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی تک جاری رہے گا۔