لندن:برٹش پاکستانی برطانیہ بھر میں پاکستان کے یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔جن میں بانیان پاکستان کو خراج تحسین،آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا گیا۔
علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای، چیئرمین جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ کی نظامت میں لوٹن میں یوم آزادی پاکستان معرکہ حق اور آپریشن بُنیان مرصوص کی کامیابی کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل مہمان خصوصی تھے۔
یو کے پارلیمنٹ کے ممبران، میئرز، کونسلرز، پیشہ ور افراد، مذہبی رہنماؤں، اسکالرز، طلباء، میڈیا اور پاکستان ہائی کمیشن کے حکام سمیت برطانوی پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد یوم آزادی کی تقریبات میں شریک ہوئی۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے خطاب میں پاکستان کے بانیان اور آباؤ اجداد کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کے حصول کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بانی اپنے مقصد میں ثابت قدم رہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے ملک کو مزید مضبوط اور مستحکم بنائیں۔
ہائی کمشنر نے آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق میں مسلح افواج کی بے مثال کامیابیوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے مئی کی جنگ کے دوران اپنی مادر وطن کے لیے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم نے اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ مل کر اتحاد اور یگانگت کو برقرار رکھا اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ایک مضبوط دشمن پر قابو پالیا، جس کے پاس زیادہ حجم اور وسائل تھے۔
ہائی کمشنر نے نوجوان برطانوی پاکستانیوں خصوصاً نوجوان خواتین کو پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے برطانیہ اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں نوجوانوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار پر زور دیا۔
قبل ازیں مقررین نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ مملکت کے حصول پر پاکستان کے بانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے معرکہ حق کے دوران پاکستان کی طاقت و صلاحیتوں پر بھی روشنی ڈالی، جنگ کے کامیاب جواب کا سہرا فوج، سیاسی قیادت اور میڈیا کو دیا۔
کونسلرز اور میئر نے لوٹن کی سماجی و اقتصادی ترقی میں برطانوی پاکستانیوں کے تعاون کو سراہا۔
بعد ازاں ہائی کمشنر نے میزبان قاری علامہ عبدالعزیز اور مہمانوں کے ہمراہ یوم آزادی پاکستان کی خوشی منانے کے لیے کیک کاٹا۔