اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہبازشریف کا یونان میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس، یوم سوگ کا اعلان کردیا ۔
یونان میں 14 جون کو حادثے پر وزیراعظم نے 19 جون کو قومی سوگ منانے کا اعلان کیا ہے کل قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور جاں بحق ہونے والوں کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی ۔
وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لئے چار رُکنی اعلی سطح کمیٹی بھی تشکیل دے دی ۔اس حوالے سے نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چئیرمین مقرر ہونگے ۔جبکہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ) جاوید احمد عمرانی کمیٹی کے رُکن مقرر ہونگے ۔
آزادجموں وکشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل
کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیاجائے گا ۔
عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لئے تعاون اور اشتراک عمل کی تجاویز دی جائیں گی فوری، درمیانی اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیاجائے گا ۔
ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قانون سازی ہوگی ۔
کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔