قاہرہ: وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو برقرار رکھنے کیلئے قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قاہرہ میں ڈی-8 سربراہی اجلاس کے موقع پر انڈونیشیا کے صدر عزت مآب پرابوو سوبیانتو سے ملاقات کی، وزیر اعظم شہباز شریف نے عزت مآب پرابوو سوبیانتو کو صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
دوران ملاقات دونوں رہنماوٴں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں دو طرفہ تعلقات بشمول سیاسی، تجارتی اور اقتصادی امور کے علاوہ کثیر الجہتی فورمز پر تعاون شامل ہیں، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو برقرار رکھنے کیلئے قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کا قابل بھروسہ تجارتی شراکت دار ہے، انہوں نے خاص طور پر پام آئل فراہم کرنے والے ملک کے طور پر انڈونیشیا کے کردار سراہا۔
وزیر اعظم نے پاکستان کے آسیان میں سیکٹورل پارٹنر کا درجہ حاصل کرنے اور آسیان علاقائی فورم کی رکنیت کیلئے انڈونیشیا کی حمایت کو سراہا، شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ پاکستان انڈونیشیا کے تعاون اور حمایت سے آسیان کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بنے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پرابوو سوبیانتو کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔
دونوں رہنماوٴں نے فلسطین کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، غزہ میں جنگ بندی اور مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے ایک جامع طریقہ کار اختیار کرنے پر زور دیا، ملاقات کے دوران دونوں رہنماوٴں نے ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔