واشنگٹن :امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے یوکرین کو مزید 2.5 بلین ڈالرز کی امداد دینے کا اعلان کر دیا گیا۔امریکی صدر نے کہا ہے کہ میں نے اپنی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ یوکرین کو جتنا جلد ممکن ہو سکے یہ امداد فراہم کر دی جائے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے یوکرین کو روس کے خلاف جنگ میں یہ 2.5 بلین ڈالرز کی امداد دینے کا اعلان کیا گیا جو کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے سے پہلے یوکرین کو فراہم کر دی جائے گی۔
اِس دفاعی پیکیج میں صدراتی ڈرا ڈاؤن اتھارٹی کے 1.25 بلین ڈالرز بھی شامل ہیں۔امداد میں 1.22 بلین ڈالرز کے طویل مدتی ہتھیار بھی شامل ہیں۔
اس ضمن میں امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ یوکرین سیکیورٹی اسسٹنس انی شی ایٹیو کے طویل مدتی فنڈز خرچ کیے جا چکے ہیں، جب کہ کوشش ہو گی کہ باقی بچ جانے والی رقم بھی اس کام میں مکمل طور پر استعمال ہو۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ میں نے اپنی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ یوکرین کو جتنا جلد ممکن ہو سکے یہ امداد فراہم کر دی جائے۔
امریکی سیکریٹری خزانہ جینٹ ییلن نے فوجی امداد کے علاوہ 3.4 بلین ڈالرز کی معاشی امداد کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ روس کے خلاف جنگ میں یہ ہنگامی امداد یوکرین کی حکومت کو ادائیگیوں کی مد میں معاونت فراہم کر سکے۔