اسلام آباد:وزیر منصوبہ و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ترقی اور فیصلہ سازی کے عمل میں تمام طبقات خصوصاً نوجوان نسل کی شمولیت بہت ضروری ہے ، ہمیں نفرت انگیز سوچ کا علم کے ہتھیار سے مقابلہ کرنا ہے ،علم وہ طاقت ہے جو قوموں کی تقدیر بدل دیتاہے ۔
اسلام آباد میں نیشنل لرننگ ایونٹ کی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم صرف کتابوں تک ہی محدود نہیں، سیکھنا ایک مسلسل عمل ہے، اگر ہم نے جمہوریت کو حقیقی معنوں میں مضبوط بنانا ہے تو اپنے شہریوں کو فیصلہ سازی اور نظام حکومت میں شامل کرنا ہو گا ، حکومت کااڑان پروگرام اسی جانب ایک عملی پروگرام ہے ۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہماری بڑی طاقت ہیں جنہیں وزیراعظم شہباز شریف معیاری تعلیم ، بہترین فنی مہارتوں اور مثبت توانائی سے لیس کرنا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں اڑان پاکستان پروگرام کے تحت ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں خصوصی پروگرام شروع ہیں، اس کے علاوہ وزیراعظم بااختیار پروگرام کے تحت ملک بھر میں ساٹھ ہزار نوجوانوں کو وظائف دئیے جا رہے ہیں جن میں دس ہزار بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے مختض ہیں ۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے نیشنل لرننگ ایونٹ سے خطاب میں کہا کہ کوئی بھی معاشرہ علم ، جدید تحقیق اور سائنسی رجحانات کو اپنائے بغیر اقوام کی برادری میں آگے نہیں بڑھ سکتا، برطانیہ نے ہمیشہ پاکستان کےنوجوانوں کو اعلی تعلیم و تربیت کے حصول میں ہر ممکن مدد فراہم کی ہے اور یہ سلسلے آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ایونٹ سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل میں علم و ہنر اور تنقید سوچ کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔