اسلام آباد:پاکستان نے تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ سال 2024 کو الوداع جبکہ نئی امیدوں اور عزم کے ساتھ سال 2025 کو خوش آمدید کہا ہے۔
دنیا کے مختلف ممالک کے بعد رات 12 بجتے ہی پاکستان میں بھی سال 2025 کا آغاز ہوا، گھڑیال میں 12 بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں آتشبازی کی گئی جس سے آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا جبکہ شہریوں نے نئے سال کا خوب جشن منایا۔
پاکستانیوں کو امید ہے کہ سال 2025 عوام اور ملک کی بہتری کا سال ہوگا جس میں ترقی کی نئی منازل کو حاصل کیا جائے گا۔
سال نو کی آمد کے حوالے سے ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں آتش بازی اور میوزیکل پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔
اسلام آباد، کراچی، پشاور میں آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ، آسمان رنگ و نور میں نہا گیا، شہر شہر فائر ورکس نے سماں باندھ دیا۔
مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، جشن کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا، لاہور میں لبرٹی چوک کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا گیا۔
گورنر ہاوٴس کراچی میں بھی عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لئے آتش بازی کا انعقاد کیا گیا جس کو دیکھنے کے لئے عوام بڑی تعداد میں گورنر ہاوٴس پہنچے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور زیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے سال کے آغاز پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال پاکستان قوم کیلئے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی لیکر آئے، اْمید کرتا ہوں کہ نیا سال ترقی و خوشحالی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا سال ہوگا۔