اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کے مستقبل کے معمار ہیں اور قوم کو اپنے مستقبل کے ان معماروں سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، قوم کی توقعات پر پورا اترنے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے نوجوانوں کو بھرپور محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہائوس میں سکول اور کالجز کے طلباء کے لیے منعقد ہونے والے سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کی جانب سے اٹھائے گئے اہم اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے نوجوان انٹرنز کو بتایا کہ قومی اسمبلی میں وویمن پارلیمانی کاکس، پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پارلیمانی ٹاسک فورس اور نوجوان اراکین پارلیمان پر مشتمل ینگ پارلیمنٹرینز فورم تشکیل دیا گیا ہے جن کا مقصد خواتین، بچوں اور نوجوانوں کے مسائل کو حل کرنا اور ایک ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ینگ پارلیمنٹرینز فورم اور کاکسز کے قیام کو نہ صرف قومی اسمبلی تک محدود رکھا گیا ہے بلکہ ان کا قیام چاروں صوبائی اسمبلیوں، آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی اور گلگت بلتستان کی اسمبلی تک عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد ملک کے قانون ساز اداروں کے مابین ہم آہنگی کا فروغ اور مشترکہ مسائل کو مل کر حل کرنا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے انٹرن شپ پروگرام میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات سے کہا کہ اس سمر انٹرن شپ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو قانون سازی کے عمل، پارلیمانی قواعد و ضوابط اور جمہوری اقدار و روایات سے روشناس کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان خوش قسمت ہیں کہ انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات میسر ہیں۔
اسپیکرسردارایاز صادق نے نوجوانوں کو کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ملک کے مستقبل کو تابناک بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل نے مستقبل میں ملک کی قیادت سنبھالنی ہے، وہ اپنی تمام تر توانائیاں حصول علم کے لیے صرف کریں تاکہ وہ خود عصر حاضر کے چیلنجز سے عہدہ برآ ہو سکیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس انٹرن شپ پروگرام میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات کو پارلیمانی طریق کار اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور قانون سازی کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اس اہم پلیٹ فارم سے استفادہ کرنے والے انٹرنز کل کو ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں گے۔
اسپیکر نے انٹرن شپ پروگرام کے شرکا کو ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور ملک کے حق میں جو بات آئے اسے بھرپور انداز میں دوسروں تک پہچانے اور ملکی قوانین، آئین اور پارلیمان کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے سمر انٹرن شپ پروگرام کے منتظمین خصوصاً قومی اسمبلی کے خصوصی اقدامات ونگ کی کاوشوں کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سمر انٹرن شپ سمیت اس طرح کے دیگر پروگرام خصوصاً نوجوانوں میں پارلیمان اور قانون سازی سے متعلق آگاہی میں معاون ثابت ہوں گے۔