کراچی: شہرقائد کے گرم موسم نے شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی،سول اسپتال میں گرمی کے شدت سے 6 مریض انتقال کرگئے۔
انچارج ایمرجنسی سول اسپتال ڈاکٹر عمران سرور شیخ کے مطابق سول اسپتال میں آج گرمی کی شدت سے 6 مریض انتقال کرگئے،جو مرگی،ذیابطیس اور بلند فشار خون سمیت دیگر امراض میں بھی مبتلا تھے، ان میں بزرگ سمیت جوان افراد بھی شامل ہیں۔
سول اسپتال میں گرمی سے متاثرہ 40 سے 45 مریض ایمرجنسی میں آئے،بقیہ مریضوں کو طبی امداد دینے کے کچھ گھنٹوں میں ڈسچارج کردیا گیا۔
ڈاکٹر عمران سرور شیخ کے مطابق زیادہ تر مزید صبح 11 بجے سے سہ پہر 4 بجے کے دوران گرمی سے متاثر ہوکر آتے ہیں،مریض غنودگی کی حالت میں ہوتے ہیں جن میں بات کرنے کی ہمت تک نہیں رہتی۔
مارننگ شیفٹ ایمرجنسی انچارج جناح اسپتال کراچی ڈاکٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ جناح اسپتال میں چار دنوں کے دوران گرمی سے متاثرہ 10 مریض لائے گئے،تمام مریضوں کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔
طبی ماہرین کے مطابق گرمی سے متاثرہ فرد کو متلی،چکر آنے ،دل گھبرانے اور شدید بخار کی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، زیادہ سے زیادہ پانی پیئں اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں جن سے گرمی کے اثرات کم محسوس ہوتے ہیں۔