اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت جاری ہے۔اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، پوری کوشش ہوگی وزیراعظم کے ساتھ نگران کا نام فائنل کرلیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو خط لکھ کر مشاورت کے لیے مدعو کیا تھا جس کے وہ وزیراعظم سے ملنے پہنچے۔ دونوں نے ایک دوسرے کے سامنے تین تین نام رکھے ہیں جن پر مشاورت جاری ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے نگران وزیر اعظم کے لیے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ابھی نام سامنے نہیں آئے ہیں۔
اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کے لیے 3 دن کا وقت ہے۔ تین دن میں نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا۔ ملک میں عبوری حکومت کا انتظام دیکھنے کے لیے نگران وزیراعظم کے تقرر پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، پوری کوشش ہوگی وزیراعظم کے ساتھ نگران کا نام فائنل کرلیں۔
ادھر سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی وزیراعظم کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے۔ ذرائع کے مطابق جلیل عباس جیلانی کے بارے میں قیاس آرائیاں ہیں کہ ان کا نام نگراں وزیراعظم کے لیے منظور کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی وزیراعظم ہاوٴس جائیں گے۔وہ اس وقت نگراں وزیراعظم کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔