لاہور:اولمپکس میں پاکستان کے لیے تاریخ میں پہلی بار انفرادی طور پر گولڈ میڈل جیتنے والے جیولین تھرو کے کھلاڑی ارشد ندیم نے معروف عالم دین طارق جمیل سے ملاقات کی۔
مولانا طارق جمیل کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کی گئی پوسٹوں میں ان کی ارشد ندیم کے ساتھ ملاقات کا احوال بتایا گیا ہے۔ اس ملاقات میں ارشد ندیم کافی خوش نظر آرہے ہیں۔
مولانا طارق جمیل نے اُٹھ کر ارشد ندیم کا استقبال کیا، گلے لگایا، شاباشی دی اور اپنے ساتھ بٹھایا۔ دونوں کافی دیر تک گفتگو بھی کرتے رہے۔
عالم دین مولانا طارق جمیل نے ارشد ندیم کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کو 5 لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا۔
یہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو صارفین نے مولانا طارق جمیل کے حسن سلوک کی تعریف کی اور ارشد ندیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس میں ہونے والے اولمپکس گیمز میں جیولین تھرو کے فائنل میں92.97 میٹر دور پھینک کر 118 سالہ ریکارڈ توڑا اور پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔
جس کے بعد سے ارشد ندیم پر انعامات کی بارش کا سلسلہ جاری رہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف، وزرائے اعلیٰ پنجاب اور سندھ سمیت متعدد اداروں اور تنظیموں کی جانب سے کروڑوں روپے انعامات دیے گئے ہیں۔