تل ابیب: اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ ہماری فوج کسی بھی وقت حماس کے نئے سربراہ یحیٰی السنوار کو ان کے ایک بھائی سمیت وسطی غزہ کی پٹی میں قتل کردے گی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع یاہو گیلنٹ نے آج غزہ میں نیٹزارم کوریڈور کے دورے کے دوران کہا ہے کہ جلد یحییٰ السنوار اور محمد السنوار تک پہنچ جائیں گے اور انھیں قتل کر دیں گے۔
اسرائیلی دفاع نے کہا کہ جو کوئی خود کو ہم سے محفوظ سمجھتا ہے تو وہ مروان عیسیٰ اور محمد دیف کا انجام دیکھ لے۔ ان دونوں نے بھی یہ سوچا تھا کہ وہ بچ جائیں گے لیکن وہ آج دنیا میں موجود نہیں ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ان دونوں نے ایک غلطی کی تھی اور اپنی غلطی کی وجہ سے ہمارے گرفت میں آئے تھے اور اب حماس سربراہ یحییٰ السنوار بھی کوئی نہ کوئی غلطی کریں گے جس سے وہ ہماری رینج میں آجائیں گے۔
اسرائیلی وزیر دفاع یاہو گیلنٹ نے مزید کہا کہ ہم اپنا مشن ہر صورت پورا کریں گے۔ ہماری پہنچ سے کوئی دور نہیں۔
یاد رہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد یحییٰ السنوار حماس کے موجودہ نئے سربراہ ہیں جب کہ ان کے بھائی محمد سنوار حماس کے عسکری ونگ کے سینئر کمانڈر ہیں۔