لاہور:چیئرمین علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس ایک ہفتے کے لیے وی وی آئی پیز اور سیاسی مقدمات کو ایک طرف رکھ دیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توہین مذہب اور توہین ناموس رسالت کے مقدمات کے فیصلے کیے جائیں، آپریشن انتہا پسندی، عدم برداشت اور بڑھتے ہوئے تشدد کے خلاف ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ طے کرے کہ 3 ماہ میں ٹرائل ہوگا، کیسوں کا فیصلہ دیں، گناہ گار کو سزا ہو، بے گناہ گھر جائے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ خود ہی منصف اور خود ہی مدعی بننے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، مدین واقعے پر ریاست اور عدلیہ کو سوچنا چاہیے، یہ واقعات پاکستان اور اسلام کے نام پر دھبہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں گرمی اور ضابطے کو تسلیم نہ کرنے کی وجہ سے اموات ہوئیں، حجاج سے گزارش کی تھی کہ ضابطے اور قوانین پر عمل کیا جائے۔