لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن “ڈیجیٹل پنجاب” کی سمت ایک بڑا قدم، پنجاب میں چیف منسٹر آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد صوبے کے آئی ٹی گریجویٹس کو معروف سافٹ ویئر ہاؤسز اور آئی ٹی کمپنیوں سے منسلک کر کے عملی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
پروگرام کے تحت پانچ ماہ کی انٹرن شپ کے دوران شرکاء کو ماہانہ 50 ہزار روپے اسکالرشپ دیا جائے گا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو جدید سکلز اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کرے گا، تاکہ وہ ڈیجیٹل معیشت میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق، انٹرن شپ کے دوران نوجوان پروفیشنل ماہرین سے براہِ راست رہنمائی حاصل کریں گے، جو ان کے کیریئر کو مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔ چار سالہ ڈگری مکمل کرنے والے پنجاب کے رہائشی آئی ٹی گریجویٹس آن لائن پورٹل CMITINTERNS.PUNJAB.GOV.PK
کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ “ہم پنجاب کو آئی ٹی کا حب بنا رہے ہیں، تاکہ نوجوانوں کے لیے ترقی، جدت اور روزگار کی نئی راہیں کھلیں۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی اس وژن کا گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔”