نئی دہلی :بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے ورلڈکپ 2023 میں پاکستانی ٹیم کی شرکت پر کمنٹ کرنا مہنگا پڑ گیا۔شائقین کرکٹ نے بھارتی کمنٹیٹر کو آڑے ہاتھوں لے لیا ۔
گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئندہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023ء میں شرکت کے لیے ہندوستان بھیجنے کا فیصلہ کیا، جس پر بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ منحرف بیانات، عظیم الشان اعلانات کو بھول جاؤ، ہمیں 2 ماہ پہلے ہی معلوم تھا پاکستان ورلڈکپ کیلئے بھارت آئے گا۔
جس پر پاکستانی شائقین کرکٹ نے ہرشا بھوگلے کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ معروف کمنٹیٹر کا بیان توہین آمیز ہے، انہیں تکبر اور سیاست کو کھیل میں نہیں لانا چاہیے تھا۔
ادھر پاکستانی شائقین کرکٹ آئی سی سی کی جانب سے ٹوئٹر پر 2 منٹ اور 13 سیکنڈ کی ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں پاکستانی فینز اور ٹیم کو مایوس دیکھایا گیا تھا تو شائقین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔
دوسری جانب ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر کو 2019 کی فائنلسٹ ٹیموں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا جبکہ اس کا اختتام 19 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول فائنل پر ہوگا تاہم ابھی تک یہ بات بھی واضح نہیں ہوسکی کہ اس ٹورنامنٹ کی ٹکٹیں کب فروخت کیلیے پیش کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ ورلڈکپ میں شیڈول کی تبدیلی کے حوالے سے بھی باز گشت سنائی دے رہی ہے تاہم حتمی فیصلہ اب تک نہیں ہوسکا ہے، پاکستان اور بھارت کا میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونا تھا، جس کے اب ایک روز قبل یعنی 14 تاریخ کو انعقاد کا امکان بڑھ گیا ہے۔
اسی طرح پاکستان اور نیدلینڈز کے درمیان میچ 6 اکتوبر کو ہی حیدر آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ سری لنکا کے ساتھ جو پہلے 12 اکتوبر کو کھیلنا تھا اس کو دو دن پہلے کردیا گیا ہے، یہ میچ اب 10 اکتوبر کو ہوگا۔
شیڈول کے حوالے سے آئی سی سی یا بھارتی کرکٹ بورڈ نے کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔