Home سیاست آزادانہ ،منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، کورکمانڈرزکانفرنس

آزادانہ ،منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، کورکمانڈرزکانفرنس

Share
Share

اسلام آباد: کورکمانڈرز کانفرنس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے ،اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز( ملٹری ) کے زیرصدارت 262ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں عزم کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

آرمی چیف نے کورکمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت مقدس اور ناقابل تسخیر ہے اور پاکستان تمام ریاستوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ ملکی خودمختاری،قومی عزت اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کانفرنس کے شرکاء کو بھارت کی جانب سے ماورائے علاقہ اور ماورائے عدالت قتل، ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی اور بھارت کی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی گھناؤنی مہم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

فورم نے اتفاق کیا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔

شرکائے کانفرنس نے کہا کہ عالمی برادری پہلے ہی بھارت کے مجرمانہ رویے اور دنیا بھر میں قتل و غارت گری کے لیے ریاستی طاقت کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔

فورم نے فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تنازعہ کے انتہائی منفی اثرات اورخطے میں پھیلاؤ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا، فورم نے فلسطین میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کی فوری ضرورت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکائے کانفرنس نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انصاف کی فراہمی تک اخلاقی، سیاسی او ر سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

فورم نے عام انتخابات 2024 کے پرامن انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی معاونت کے لیے پاکستان آرمی کی تعیناتی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شرکائے کانفرنس نے کہا کہ پاک فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحت تفویض کردہ ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی۔

شرکائے کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے کی،اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فورم نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور غیر قانونی تارکین وطن سمیت غیر قانونی سرگرمیوں اور مجرمانہ مافیاز کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔

شرکاء کانفرنس نے اس طرح کے اقدامات اور ان کے معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود پر مثبت اثرات کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے فارمیشنز کمانڈرزپر پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، تربیت کے دوران بہترین کارکردگی اور فوجی جوانوں کے مورال اور بہبود پر زور دیا ۔

کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

Share
Related Articles

فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی کمبیٹ ڈریس میں سعودی ولی سے ملاقات ،سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار

وزیرِ اعظم پاکستان محمدشہباشریف اورچیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس...

صدرِ مملکت نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری دےدی

اسلام آباد:صدرآصف علی زرداری نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے...

بانی پی ٹی آئی کی نجی ہسپتال منتقلی کی درخواست مسترد، میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی نجی ہسپتال منتقلی...

نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات...