غزہ:غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ فضائی اور زمینی حملوں میں مزید49فلسطینی شہید اور متعددزخمی ہوگئے۔
امریکی صدر کا تجویز کردہ غزہ امن معاہدہ طےپانے کے بعد سے اب تک صیہونی خلاف ورزیوں پر مبنی حملوں میں 100 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک اور یرغمالی کی لاش اسرائیل کے حوالے کردی۔حماس نے غزہ میں یرغمالی کی لاش ریڈ کراس کے حوالے کی جس کے بعد لاش اسرائیلی فوج کے سپرد کردی گئی ۔ حماس کی جانب سے اب تک 13 یرغمالیوں کی لاشوں کو اسرائیل کے حوالے کیا جا چکا ہے۔
یورپی یونین نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگرچہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ نافذ ہو چکا لیکن ان کے خلاف پابندیوں کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کایا کالس نے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل پر پابندیوں کا امکان اب بھی برقرار ہے اور اس وقت تک رہے گا جب تک غزہ کے زمینی حقائق میں قطعی اور مستقل بہتری ثابت نہ ہو جائے ۔
انہوں نے اسرائیل پر واضح کیا کہ جنگ بندی کے حقیقی مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے غزہ میں انسانی امداد میں اضافہ، فلسطینی ریونیو کی واپسی، صحافیوں کو رپورٹنگ کی اجازت، این جی اوز کی رجسٹریشن اور کام کی آزادی جیسے اقدامات کو یقینی بنانا ضروری ہے۔