کراچی: پاکستان کی نامور سُپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ اُن کی نانی کو ‘یار’ لفظ سے سخت چِڑ تھی۔اوریار کا لفظ کہنے پر مجھے نانی سے بہت ڈانٹ پڑتی تھی۔
ماہرہ خان اکثر و بیشتر انٹرویوز میں اپنی نانی کے بارے میں گفتگو کرتی ہیں، وہ اپنی نانی کی پسند اور ناپسند کے بارے میں بتاتی ہیں، اداکارہ یہ بھی بتاتی ہیں کہ اُن کی تربیت میں اُن کی نانی کا کیا کردار رہا ہے۔
اداکارہ کی اپنی نانی کے بارے میں گفتگو سُن کر یہ واضح ہوجاتا ہے کہ وہ اپنی والدہ کی طرح اپنی نانی کے بھی بہت زیادہ قریب تھیں۔
اب سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کے ایک انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہوں نے اپنی نانی کے ناپسندیدہ لفظ کے بارے میں بات کی۔
ماہرہ خان نے کہا کہ میری نانی کو لفظ ‘یار’ بہت بُرا لگتا تھا، شاید! نانی کے زمانے میں کوئی یہ لفظ کہتا ہوگا جس کی وجہ سے اُنہیں لفظ ‘یار’ سے شدید نفرت تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ میں اپنی نانی کے سامنے ‘یار’ کا لفظ بہت استعمال کرتی تھی، کبھی امی کو یار کہتی تھی تو کبھی نانی کو، مجھے اُس وقت معلوم نہیں تھا کہ نانی کو یہ لفظ پسند نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک دن نانی نے مجھ سے پوچھا کہ کیا تمہیں لفظ یار کا مطلب معلوم ہے؟ میں نے جواب دیا، ‘نہیں’۔
ماہرہ خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ نانی نے مجھ سے کہا کہ جب تمہیں اس لفظ کا مطلب معلوم ہوجائے تو پھر میرے پاس آنا۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان کی نانی دسمبر 2021 میں انتقال کرگئی تھیں جس کی اطلاع اداکارہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی تھی۔