راولپنڈی:پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا نہیں جاتا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہِ کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو مستونگ اور ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اہم صوبائی وزراء کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔شرکاء کی جانب سے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔
چیف آف آرمی سٹاف نے شہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ 12 ربیع الاول کو ہونے والے دہشت گردی اور اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں – اس دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔یہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جن کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان اور اس کی عوام کے دشمن ہیں بدی کی طاقتیں ریاست اور سیکورٹی فورسز کی بھرپور طاقت کا سامنا کرتی رہیں گی جنہیں ایک مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا نہیں جاتا پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔
آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیاجہاں انہوں نے مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی ۔سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمیوں کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے ۔
آرمی چیف نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو خوب سراہا۔آرمی چیف نے شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا ۔
آرمی چیف نے زخمیوں اور شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا کوئٹہ آمد پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔