اسلام آباد:پاکستانی عوام نے فلسطین میں امن اور استحکام کے لیے غزہ بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ شمولیت خطے میں پائیدار امن اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کو تقویت دے گی۔
عوام نے یاد دلایا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر امن و امان کے قیام اور فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کی بھرپور حمایت کی ہے۔ شہریوں کے مطابق غزہ بورڈ آف پیس سے فلسطین میں امن، استحکام اور ترقی آئے گی اور پاکستان نے غزہ میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
شہریوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان کی وجہ سے اسلامی دنیا بیدار ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ بورڈ آف پیس فلسطین کی آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام اور ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔
عوام نے پاکستان کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ دنیا پاکستان کو غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت دے رہی ہے۔ شہریوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر یا فلسطین سمیت تمام تنازعات پر اصولی اور ٹھوس مؤقف اپنایا اور بطور مسلمان، غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی خدمت کا دیرینہ خواب پورا کر رہا ہے۔
پاکستانی عوام نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے حکومت کے اقدامات کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ مملکت خداداد پاکستان دنیا میں امن کی خواہاں اور فلسطینیوں کی امید کا آخری سہارا ہے۔