پیرس اولمپکس میں پاکستانی دستے کے سات میں سے 6 ایتھلیٹس اپنے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئے۔ ان ایتھلیٹس میں کشمالہ طلعت، گلفام جوزف، غلام مصطفیٰ بشیر، جہاں آرا نبی، محمد احمد درانی اور فائقہ ریاض شامل ہیں، جبکہ ارشد ندیم نے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے نہ صرف طلائی تمغہ حاصل کر لیا ہے بلکہ پاکستانی قوم کا ان عالمی کھیلوں میں میڈل کے حصول کا تین دہائیوں سے جاری انتظار بھی بالاخر ختم ہو گیا ہے۔ ارشد نے یہ کارنامہ 92.97 میٹر فاصلے پر جیولن پھینک کر سرانجام دیا جو ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔
پاکستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی پر ایک نظر:
ارشد ندیم، کشمالہ طلعت، گلفام جوزف اور غلام مصطفیٰ بشیر کو اولمپکس میں براہِ راست انٹری مل گئی تھی جبکہ جہاں آرا نبی، فائقہ ریاض اور محمد احمد درانی نے وائلڈ کارڈ انٹری پر اولمپکس میں شرکت کی۔ آئیے نظر دوڑاتے ہیں ان کی کارکردگی پر:
محمد علی درانی (تیراک)
پیرس اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نوجوان تیراک محمد احمد درانی 200میٹر فری سٹائل مقابلے کے ابتدائی راؤنڈ میں آخری نمبر پر رہے۔وہ 11 سیکنڈ کے فرق سے فائنل مرحلے میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام ہو گئے۔
جہاں آراء نبی (تیراک)
جہاں آراء نبی بھی اگلے مرحلے میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں۔ جہاں آراء اپنی ہیٹ میں تیسرے اور مجموعی طور پر 30 تیراکوں میں 26 ویں نمبر پر آئیں۔
گلفام جوزف (نشانہ باز)
پاکستان کے 2بار کے اولمپیئن گلفام جوزف 10 میٹر ایئر پسٹل شوٹنگ میں 571 کے فائنل سکور کے ساتھ کوالیفائنگ راؤنڈ میں 22 ویں نمبر پر رہے۔ اِس سے قبل ٹوکیو اولمپکس 2020 میں انہوں نے 578 سکور حاصل کئے تھے۔
کشمالہ طلعت (نشانہ باز)
25 میٹر پسٹل شوٹنگ مقابلے میں کشمالہ طلعت فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرسکیں۔ شوٹنگ مقابلے میں 40 شوٹرز میں سے کشمالہ طلعت 22 ویں پوزیشن رہی، کشمالہ طلعت نے مجموعی طور پر 289 پوائنٹس سکور کیے۔
فائقہ ریاض (سپرنٹر)
سپرنٹر فائقہ ریاض بھی دیگر ہم وطنوں کی طرح خاص پرفارم نہیں کرپائیں، وہ ہیٹ کی ٹاپ 10 میں رہیں نہ اگلے 5 مجموعی بہترین پلیئرز میں جگہ بناسکیں، ابتدائی راؤنڈ میں انھوں نے 12.49 کی پرفارمنس پیش کی، فائقہ اپنی ہیٹ میں چھٹے نمبر پر رہیں۔
غلام مصطفیٰ بشیر (نشانہ باز)
25 میٹر ریپڈ فائر شوٹنگ مقابلے میں پاکستانی شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر فائنل راؤنڈ تک نہ پہنچ سکے۔ غلام مصطفیٰ بشیر 581 پوائنٹس کے ساتھ 15ویں نمبر پر رہے جہاں انہوں نے سیریز 1 میں 292 اور سیریز 2 میں 289 پوائنٹس اسکور کیے۔
ارشد ندیم (جیولین تھرو)
ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے نہ صرف طلائی تمغہ حاصل کر کیا۔
ارشد نے یہ کارنامہ 92.97 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر سرانجام دیا جو ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔
فرانس میں ہونے والے فائنل مقابلے میں ارشد کی پہلی تھرو فاؤل قرار دی گئی تاہم دوسری تھرو نے 2008 میں قائم کیا گیا اولمپک ریکارڈ توڑ دیا۔
یہ ارشد کے کریئر کی سب سے بڑی جبکہ دنیا میں اب تک پھینکی جانے والی چھٹی سب سے طویل جیولن تھرو تھی۔