اسلام آباد:قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کےارکان کا دہشتگردی کے خلاف فوجی آپریشن پر احتجاج ، اسپیکر قومی اسمبلی اور دوسرے ارکان اسمبلی کی جانب سےاحتجاج پر حیرت اور افسوس کا اظہارکیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہماری افواج ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں اور اپوزیشن یہاں خوارج کی حمایت میں کھڑی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کر دیا کہ دہشتگردوں کے حمایت میں ایوان میں کسی کو بات کرنے نہیں دی جائے گی۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاک افواج نے ملک سے دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے اپنی قربانیاں دی ہیں۔ اس وقت بھی دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے جبکہ آدھا ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے حیرت ہے اپوزیشن اس صورتحال میں بھی خوارج کی حمایت میں کھڑی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی ایا ز صادق نے کہا کہ حیرت اور افسوس ہے کہ تحریک انصاف خوارج کی حمایت کر رہی ہے۔ ہمارے سیکورٹی فورسز نے ملک کو محفوظ بنانے کے لیے اپنا خون بہایا ہے۔
عمران خان نیازی کی جانب سےاڈیالہ جیل میں سینیئر صحافی اعجاز احمد کے ساتھ نازیبا اور دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے پر مذمتی قرارداد منظور ہو گئی ہے۔ قرارداد خواجہ اظہار الحسن نے پیش کی۔
قرار داد میں عمران خان نیازی کی جانب سےاڈیالہ جیل میں سینیئر صحافی اعجاز احمد کے ساتھ نازیبا اور دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے اور بعد ازاں عمران خان کی ایماء پر سینیئر صحافی اعجاز احمد کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلا کر انھیں ہراساں کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت اس پر فوری ایکشن لے اور صحافیوں کو فورا تحفظ فراہم کیا جائے جبکہ ذمہ داران کے خلاف فورا کاروائی کی جائے۔
قومی اسمبلی نے آسان کاروبار بل 2025 منظور کر لیا ۔بل وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے پیش کیا۔ بعدازاں قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی ہو گئی۔