مکہ مکرمہ: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عمرہ ادا کر لیا جبکہ انہیں خانہ کعبہ کے اندر نماز کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ گزشتہ شب مکہ مکرمہ پہنچے، جہاں انہوں نے عمرہ ادا کیا، نگران وزیراعظم نے خانہ کعبہ کے اندر نماز ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔
بعد ازاں انہوں نے مسجد الحرام میں امت مسلمہ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔
اس سے پہلے نگران وزیراعظم کے مدینہ منورہ سے جدہ پہنچنے پر اعلیٰ سعودی حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے عملے نے استقبال کیا تھا، انوار الحق کاکڑ جدہ ایئرپورٹ ہی سے عمرہ ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہوئے تھے۔
قبل ازیں نگران وزیراعظم لندن سے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے ان کا استقبال کیا تھا، بعد ازاں نگران وزیراعظم نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کئے۔