راولپنڈی:صدر ایکس سروس مین سوسائٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی والے امریکی اسلحے سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملہ کر رہے ہیں۔ امریکا افغانستان سے جاتے ہوئے ہمارے لیے دہشت گردوں کو چھوڑ گیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ایکس سروس مین سوسائٹی کا کہنا تھا کہ امریکا 7 ارب ڈالرز کا اسلحہ چھوڑ کر افغانستان سے چلا گیا ہے۔ ٹی ٹی پی والے امریکی اسلحے سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی فوج افغانستان سے جاتے ہوئے 42 ہزار نائٹ ویژن ڈیوائسز چھوڑ کر گئی، دہشتگرد نائٹ ویژن ڈیوائسز سے رات میں ہماری پوسٹوں پر حملے کرتے ہیں۔ امریکی چالیس ہزار گاڑیاں بھی چھوڑ گئے۔
صدر ایکس سروس مین سوسائٹی کا کہنا تھا کہ امریکی انخلا کے بعد ہمارے آنگن میں 40 لاکھ پناہ گزین بیٹھے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام پڑوسیوں سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں۔
انکا کہنا تھا کہ دہشتگردی ہمارے ملک کا مسئلہ ہے، عزم استحکام کیخلاف صوبائی اسمبلی سے قرارداد کی منظوری افسوسناک ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2024 میں ہمارے شہداء کی تعداد 575 ہے۔
عالمی رپورٹ کے مطابق دنیا کے دس ممالک ہیں جن کو دہشت گردی کا خطرہ ہے جن میں پاکستان چوتھے اور بھارت چودھویں نمبر پر ہے۔