اسلام آباد :اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات روٴف حسن کو حراست میں لے لیا۔تاہم چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو گرفتار کرنے کی تردید کردی ۔
سی ڈی اے کی جانب سے سیکٹر جی ایٹ میں پولیس کے ہمراہ تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا گیا جہاں اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی خان اور سیکرٹری اطلاعات روٴف حسن کو حراست میں لے لیا۔تاہم پولیس ذرائع کاکہناہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کوگرفتارنہیں کیاگیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر روٴف حسن کی طبیعت خرابی کے باعث ان کے ہمراہ پولیس لائینز روانہ ہوئے۔چیئرمین پی ٹی آئی کو پولیس نے کہا کہ آپ کی کسی مقدمے میں گرفتاری مطلوب نہیں آپ روانہ ہوسکتے ہیں تاہم سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف روٴف حسن تاحال پولیس لائینز میں زیر حراست ہیں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کاکہناہے کہ پولیس نے مجھے گھر چھوڑ دیا ہے ۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق آج پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں قائم ڈیجیٹل میڈیا سیل کے مرکزی دفتر پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد کی بنیاد پر چھاپہ مارا،وہاں قائم پی ٹی آئی کا ڈیجیٹل میڈیا مرکز انٹرنیشنل ڈس انفارمیشن کا ہب بنا ہوا تھا پوری دنیا میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا ملک دشمن ایجنسیوں کے ساتھ مل کر یہاں سے کروایا جاتا تھا۔
ذرائع کاکہناہے کہ اِس جگہ سے پاکستان مخالف اور ملکی سالمیت کے خلاف پروپیگنڈا بھی چلایا جاتا تھااْس میں براہِ راست ملوث لوگوں کو رنگے ہاتھوں اْنکے تمام ایکویٰپمنٹ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کر لیاتمام ثبوت تحویل میں لے لیے گئے، مرکزی دفتر ڈیجیٹل دہشت گردی کا گڑھ بنا ہوا تھا ڈیجیٹل میڈیا مرکز سے مقامی لوگوں کو بھڑکایا اور پروپیگنڈا کیمپینز چلائی جاتی تھی۔
ذرائع کے مطابق ایسا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی طرف سے دی جانے والی معلومات پر کیا جاتا تھا۔ذرائع کاکہناہے کہ بیرسٹر گوہر کی گرفتاری کی خبر درست نہیں۔
اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچی ، بیرسٹرگوہر اور روٴف حسن اس وقت سیکرٹریٹ میں موجود تھے جبکہ ویمن پولیس بھی تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ کے باہرموجود رہی۔ پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں موجود خواتین کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔پی ٹی آئی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے سیکرٹریٹ کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔
ادھر ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر تجاوزات پرسی ڈی اے کاآپریشن متوقع ہے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں ، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے سی ڈی اے آپریشن کریگا۔
سی ڈی اے ذرائع کاکہناہے کہ پی ٹی آئی سیکریٹریٹ کی ایک طرف ایک پلاٹ پر قائم کی گئی تجاوزات اور غیرقا نونی تعمیرات کی گئی ہیں۔مذکورہ پلاٹ سے ملحقہ اراضی پر قبضہ کر کے تجاوزات قائم کی گئی ہیں۔