پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 21 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے پیر کو کیے گئے اعلان کے مطابق شان مسعود پہلی بار ہوم سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ شان مسعود کے علاوہ سعود شکیل، عبداللہ شفیق اور بابر اعظم بھی اسکواڈ میں شامل ہیں جنہیں بیٹنگ لائن اپ کو مضبوط کرنے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔
قومی کرکٹ اسکواڈ میں ایک مضبوط بولنگ اٹیک ہوگا جس میں چار فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیاہے، ٹیم کے فاسٹ بولنگ اٹیک کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے جبکہ محمد علی، نسیم شاہ اور ابھرتے ہوئے اسٹار خرم شہزاد فاسٹ بولر ہوں گے۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ آل راؤنڈر سلمان آغا واحد اسپنر ہوں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے جیسن گلیسپی کا یہ پہلا میچ ہوگا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، خرم شہزاد، محمد علی، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی