اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے ری پبلکن صدارتی امیدوار اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کی صحت و سلامتی کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ جمہوریت میں مسلّح اور پرتشدد کارروائیوں کی کوئی گنجائش نہیں، طاقت اور تشدد سے پاک سیاست کا حصول پوری دنیا کی جمہور پسند اقوام کیلیے ایک بڑے چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی عوام کی پسندیدہ ترین اور نمائندہ جماعت پاکستان تحریک انصاف امن، مکالمے اور دلیل کی علمبردار ہے،دنیا کے کسی کونے میں بنیادی انسانی حقوق، آئین و قانون اور جمہوری اقدار پر حملہ جمہوریت کے عالمی وجود پر حملہ ہے جس کے تدارک کیلیے اہلِ عالم کو مل کر اقدام کرنے چاہئیں۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہماری ہمدردیاں اور نیک تمنائیں ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے عوام کے ساتھ ہیں۔